21 ستمبر 2026 - 17:23
وزیر صحت یمن: 21 ستمبر کے انقلاب سے پہلے یمن امریکی اور سعودی سفیروں کے زیر اثر تھا

یمن کے وزیر صحت و ماحولیات ڈاکٹر علی شیبان نے کہا ہے کہ 21 ستمبر کا انقلاب یمن کو بیرونی سرپرستی اور غیر ملکی طاقتوں کے سامنے انحصار سے نکال کر آزادی، خودمختاری اور قومی اقتدار کی طرف لے جانے والا تاریخی موڑ ثابت ہوا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمن کے وزیر صحت و ماحولیات ڈاکٹر علی شیبان نے کہا ہے کہ 21 ستمبر کا عظیم انقلاب ایک تاریخی فیصلہ کن مرحلہ تھا، جس نے یمن کو بیرونی سرپرستی اور غیر ملکی طاقتوں کے سامنے انحصار کے اندھیرے سے نکال کر آزادی، خودمختاری اور قومی اقتدار کی طرف منتقل کیا۔

ڈاکٹر علی شیبان نے آج پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ 21 ستمبر کے انقلاب سے قبل یمن امریکی اور سعودی سفیروں کی سرپرستی میں تھا، جہاں یمنی فیصلے سفارت خانوں سے کیے جاتے تھے اور عوام کے مفادات، ملکی دولت اور ادارے بیرونی طاقتوں کے ہاتھوں یرغمال تھے۔ تاہم انقلاب نے بیرونی سرپرستی کا خاتمہ کرتے ہوئے فیصلہ سازی کا اختیار دوبارہ یمنی عوام کو واپس دلایا۔

انہوں نے کہا کہ 21 ستمبر کے انقلاب کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ یہ ہر لحاظ سے قومی آزادی کی تحریک تھی، جس نے سرزمین اور انسان دونوں کو آزاد کیا، بیرونی بالادستی کی طاقتوں کی جانب سے پامال کی جانے والی یمنی عزت و وقار کو بحال کیا اور ایک نئے مرحلے کی بنیاد رکھی، جس کا عنوان ’’خودمختاری، آزادی اور غیر ملکی مداخلت کو مسترد کرنا‘‘ ہے۔

وزیر صحت و ماحولیات نے کہا کہ یمنی عوام آج پہلے سے کہیں زیادہ اس انقلاب کی عظمت کو سمجھتے ہیں، کیونکہ مقبوضہ صوبوں میں قبضے، تقسیم اور بیرونی سرپرستی کے منصوبے بے نقاب ہوچکے ہیں اور ان علاقوں کا انتظام براہِ راست بیرونی طاقتوں کی جانب سے کیا جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ’’ہم 21 ستمبر کے انقلاب کی کامیابیوں کی حفاظت کریں گے اور ان شہداء کے خون سے وفادار رہیں گے جنہوں نے اس لیے قربانی دی کہ وطن آزاد اور خودمختار رہے اور کسی کی سرپرستی یا انحصار قبول نہ کرے۔‘‘

وزیر صحت نے 21 ستمبر کے انقلاب کی 12ویں سالگرہ کے موقع پر قائد عبدالملک بدرالدین الحوثی، سپریم پولیٹیکل کونسل کے سربراہ، مسلح افواج کے جوانوں اور تمام یمنی عوام کو مبارک باد پیش کی۔

انہوں نے ’’محاصرے کے بدلے محاصرہ اور تصعید کے بدلے تصعید‘‘ کی مساوات کے تحت جاری کارروائیوں اور محاصرے میں اضافے کو بھی مبارک باد پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha